علی گیلانی کی دوران نظر بندی شہادت پر مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کشیدہ بھارتی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے

سری نگر() قائد تحریک آزادی کشمیر سید علی گیلانی کی دوران نظر بندی شہادت پر مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کشیدہ ہو گئی ہے ۔ سخت کرفیو اور پابندیوں کے باوجود جمعہ کے روز سری نگر میں احتجاج کیا گیا۔  بھارتی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔سرینگر کے نواب بازار علاقے  میں بڑی تعداد میں نوجوان پابندیاں توڑتے  ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے اور احتجاج کیا۔ بھارتی فورسز پر پتھراو کیا ۔ بھارتی فورسز نے جواب میں پیلٹ فائرنگ کی ،آنسو گیس کے گولے داغے۔ بتایا جاتا ہے کہ   کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔ بھارتی حکام نے کرفیو پابندیوں کے ساتھ ساتھ مواصلاتی  بندشیں بھی عائد کر دی ہیں۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں مزاحمتی تحریک کی علامت شہید سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں واقع انکی رہائش کی طرف مارچ سے روکنے کیلئے کرفیو نافذ ہے اور سخت پابندیاں ہیں ۔ جمعہ کے روز  حیدر پورہ کی طرف مارچ کو ناکام بنانے کیلئے سرینگر اور دیگر شہروں میں بھارتی فورسز کے مزید ہزاروں اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے لوگو ں کو شہید رہنما کی نماز جنازہ میں شرکت سے روکنے کیلئے جمعرات کو وادی کشمیر بالخصوص سرینگر اور ملحقہ علاقوں کو گوانتانامو بے میں تبدیل کر دیاتھا ۔