
میر واعظ عمر فاروق کے گھر کے باہر سی آر پی ایف اور پولیس کی بھاری نفری تعینات بھارتی حکام نے میر واعظ مولوی محمد عمر فاروق سے ملاقات پر بھی پابندی لگا دی ہے
سری نگر() کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین میر واعظ عمر فاروق کے گھر کے باہر سی آر پی ایف اور ریاستی پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے ۔ میر واعظ مولوی محمد عمر فاروق پانچ اگست 2019 سے سری نگر میں مسلسل گھر میں نظر بند ہیں۔ کے پی آئی کے مطابق بھارتی حکام نے میر واعظ مولوی محمد عمر فاروق سے ملاقات پر بھی پابندی لگا دی ہے کسی بھی شخص کو ان کے گھر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ حریت کانفرنس کے رہنماوں پروفیسر عبدالغنی بٹ، بلال غنی لون اور مولوی مسرورعباس انصاری نے گزشتہ روز میرواعظ کے گھر جا کر ان سے ملاقات کی کوشش کی تاہم میر واعظ کے رہائشی گیٹ پر تعینات مسلح اہلکاروں نے انہیں روک دیا اور میر واعظ سے ملنے کی اجازت نہیں دی۔میرواعظ کے گھر کے گیٹ پر موبائل بنکر اور مسلح گاڑیاں سی آر پی ایف اور ریاستی پولیس اہلکاروں کی نگرانی میں کھڑی ہیں اور سڑک کو دونوں اطراف سے جزوی طور پر بلاک کردیا گیا ہے اور کسی بھی بیرونی شخص کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔