کولگام میں میرے بیٹے کو فوج نے دوران حراست قتل کر دیا جنوبی کشمیر کے کولگام قصبے کے رہائشی عبدالقیوم ڈار کا بیان

سری نگر() جنوبی کشمیر کے کولگام قصبے کے رہائشی عبدالقیوم ڈار نے کہا ہے کہ اس کے نوجوان بیٹے  عمران ڈار کو بھارتی فوج نے 24 اور 25 جولائی کی درمیانی شب دوران حراست قتل کر دیا ہے ۔کے پی آئی کے مطابق   عبدالقیوم ڈار نے  میڈیا کو بتایا کہ  عمران 21 جولائی کو کسی بات پر ناراض ہو کر گھر چھوڑ کر چلا گیا تھا۔ تاہم عمران اپنے ہی علاقہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ موجود تھا۔ رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ 21 جولائی سے 24 جولائی کے درمیان انہوں نے عمران کو کئی بار اپنے علاقہ میں دیکھا۔۔ عمران کے والد عبدالقیوم ڈار کا کہنا ہے کہ انہوں نے 24 جولائی کو اپنے بیٹے کو نزدیکی پٹرول پمپ کے پاس دیکھا تھا۔تاہم 24 اور 25 جولائی کی درمیانی شب کو پولیس کی جانب سے انہیں ایک فون کال موصول ہوئی جس میں انہیں پولیس لائن کھنہ میں لاش کی شناخت کے لیے حاضر ہونے کو کہا گیا۔ جہاں انہیں ان کے بیٹے کی لاش کی فوٹو دکھائی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ یہ سن کر حیران ہوگئے جب انہیں یہ بتایا گیا کہ عمران ایک عسکریت تھا  فورسز کے ساتھ ایک تصام میں ہلاک کیا گیا۔ عمران کی لاش نہیں دکھائی گئی اور  یہ بھی نہیں پتہ کہ عمران کی لاش کو کہاں دفنایا گیا ہے۔انہوں نے حکومت سے عمران کی لاش کو واپس کرنے اور معاملہ کی شفاف ہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔