لندن : تحریک کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام کانفرنس ، ریلی کا انعقاد

لندن14 جولائی () تحریک کشمیر برطانیہ نے تیر13جولائی 1931کے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے برمنگھم میں ایک کانفرنس جبکہ گلاسکومیں ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کانفرنس کی صدارت تحریک کشمیر برطانیہ کے صدرراجہ فہیم کیانی جبکہ مظاہرے کی قیادت تحریک کشمیر برطانیہ کے سرپرست اعلی ٰ سید طالب حسین نے کی۔ کشمیر ی رہنما نذیر احمد قریشی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری مظالم کا عالمی سطح پر موثر نوٹس لیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کشمیریوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر کے مظلوم لوگوںکی آواز بنیں ۔ تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا کہ بہادر اور غیور کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنے شہداءکے مقدس مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم رکھتے ہیں۔فہیم کیانی نے اپنی تقریر میں کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی شہداءکے خون سے عبارت ہے اور مقبوضہ علاقے کے لوگ اپنے عظیم شہداءکی قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کریں گے۔ انہوںنے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے جنوبی ایشیا میں غیر یقینی کی صورتحال پائی جاتی ہے جبکہ اس مسئلے کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کے خطرے کو ہرگز رد نہیں کیا جاسکتا ہے لہذا اس مسئلے کو پر امن طریقے سے حل کرنے کی اشدضرورت ہے۔ انہوںنے اس موقع پر اعلان کیا کہ بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کیلئے تحریک کشمیر برطانیہ کے زیراہتمام 15اگست کو برمنگھم کونسل ہاﺅس سے بھارتی کونصلیٹ تک احتجاجی مارچ کیا جائے گا۔ خواجہ محمد سلیمان، مشتاق حسین ، چودھری محمد شریف، قمر عباس، راجہ عاطف اور شہنواز حیدر ایڈووکیٹ نے کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ انکے مشن کو مقصد کے حصول تک جاری رکھا جائے ۔
سید طفیل حسین شاہ اور شوکت سلطان نے گلاسکو میں ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دلانے کے لیے کردار ادا کریں ۔ انہوںنے تارکین وطن کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی مظالم سے دنیا کو باخبر کرنے کیلئے اپنی کوششوں میں تیزی لائیں۔