بھارت : حزب اختلاف کی دس بڑی جماعتوں کے رہنماوں کا صدر کے نام خط پادری اسٹین سوامی کی دوران حراست موت پر غم وغصے کا اظہار

نئی دہلی07جولائی () بھارت میں حزب اختلاف کی دس بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے صدر رام ناتھ کووند کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں پادری اسٹین سوامی کے ساتھ جو پیر کے روز ممبئی کے ایک ہسپتال میں دوران حراست انتقال کرگئے، غیر انسانی سلوک روا رکھے جانے پرشدید غم وغصے کا اظہار کیاگیا ہے۔ .
خط میں صدر سے ان افراد کے خلاف کارروائی کے لئے مداخلت کی درخواست کی گئی ہے جوپادری کے خلاف جھوٹے مقدمات بنانے ، ان کی جیل میں نظربندرکھنے اور غیر انسانی سلوک کے جو مبینہ طور پر اس کی موت کی وجہ بنا،ذمہ دار ہیں۔ خط پر دستخط کرنے والوں میں کانگریس کی صدر سونیا گاندھی، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی،نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی )کے سربراہ شرد پوار،تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے سٹالن،جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورن، سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوی گوڈا، نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ، آرجے ڈی کے تیجشوی یادو، سی پی آئی کے ڈی راجہ اور سی پی آئی ایم کے سیتارام یچوری شامل ہیں۔ انہوں نے صدر کے نام اپنے خط میں کہا کہ ہم حزب اختلاف کی بڑی جماعتوں کے رہنما گہری پریشانی میں آپ کو لکھ رہے ہیں اور پادری ا سٹین سوامی کی موت پر اپنے شدید غم وغصے کااظہار کرتے ہیں۔ حزب اختلاف کے رہنماو ¿ں نے اپنے خط میں کہا کہ ہم بھارت کے صدر کی حیثیت سے آپ کی فوری مداخلت کا مطالبہ کر رہے ہیں کہ آپ حکومت کو ہدایت دیں کہ وہ پادری کے خلاف جھوٹے مقدمات بنانے ، انہیں مسلسل جیل میں رکھنے اور ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھنے والے افراد کے خلاف کارروائی کرے۔