برسلز: بھارت زیادہ دیر تک کشمیریوں کی تحریک دبا نہیں سکتا، علی رضا سید

برسلز /اسلام آباد سہیل انجم ملک چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت کے ذریعے زیادہ دیر تک کشمیریوں کی تحریک کو دبا نہیں سکتا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوپور میں چار کشمیریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے کہاکہ گذشتہ روز سوپور میں شہداء کے جنازے میں ہزاروں افراد کی شرکت سے بھارت کی آنکھیں کھل جانے چاہیں۔ کشمیریوں نے بھارت کے تسلط کو ہمیشہ مسترد کیا ہے اور وہ بھارت تسلط سے آزادی چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سوپور میں چار بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام انتہائی قابل مذمت ہے، یورپ سمیت دنیا کے امن پسند لوگ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ ہیں۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے مزید کہاکہ عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم سے روکے۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز آئے دن تلاشی کے بہانے آپریشن کے دوران کشمیری عوام کا قتل عام کررہی ہے۔ خاص طور پر نوجوانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ آج کل تو کرونا کے لاک ڈاؤن کے بہانے یہ آپریشن کئے جاتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل عام کی عالمی سطح پر غیرجانبدارانہ تحقیقات ہونے چاہیے تاکہ اس قتل عام میں ملوث بھارتی حکام اور فوجیوں کو سزا دلوائی جاسکے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے بارے میں علی رضا سید نے کہاکہ مسئلہ کشمیرکے منصفانہ اور پرامن حل سے ہی خطے میں امن برقرار رہ سکتا ہے۔