مقبوضہ جموں وکشمیر: قابض انتظامیہ نے خان سوپور ی کا مکان مسلسل سر بمہر کررکھا ہے

سرینگر 30جون( ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں قابض انتظامیہ نے سینئر حریت رہنما غلام محمد خان سوپور کا مکان مسلسل سربمہر کر رکھا ہے۔  انتظامیہ نے ایک من گھڑٹ اور بے بنیاد مقدمے کی بنیاد پر سرینگر کے علاقے چھانہ پورہ میں واقع خان سوپور کا گھر 30جون 2012کو سربمہر کر دیا تھا ۔انتظامیہ بے بنیاد مقدمے میں آج تک کوئی بھی ثبوت فراہم نہیںکر سکی ہے ۔ سینئر حریت رہنما کے اہلخانہ نے ایک بیان میں اپنے گھر کو مسلسل سربمہر رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔اہلخانہ نے کہا کہ قابض انتظامیہ کی انتقامی کارروائی کی وجہ سے وہ دربہ در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ اہلخانہ نے کہا کہ بھارت دنیا کا واحد ملک ہے جہاں سیاسی نظریات کی پاداش میں کسی کو اہلخانہ سمیت گھر سے بے دخل کر دیا جاتا ہے۔انہوںنے کہا کہ غلام محمد خان سوپوری مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا یا جا رہا ہے۔ اہلخانہ نے کہا کہ انہوںنے مکان واگزار کرانے کیلئے ہائیکورٹ میں ایک عرضداشت دائر کر دی تھی تاہم نو برس گزرنے کے باوجود مقدمے میں کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی ہے جو افسوسناک ہے ۔