نریندر مودی کی کشمیر پالیسی مکمل طورپر ناکام ہو چکی ہے ، اسد الدین اویسی

نئی دلی 29جون ( ) آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی کشمیر پالیسی کو ناکام قرار دیاہے۔
 بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے 24جون کو غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکے رہنمائوں سے ملاقات میں وادی کشمیرمیں جمہوری عمل کی بحالی کا وعدہ کیاتھا ۔مودی نے بھارت نوا ز سیاست دانوں سے اپیل کی تھی کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل حلقہ بندیوں کاعمل مکمل کرنے کیلئے اس عمل کا حصہ بنیں۔بھارتی حکومت نے 5اگست2019کو دفعہ 370منسوخ کر کے جموںوکشمیر کو دو یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کردیا تھا ۔ بھارتی آئین کی اس دفعہ کے تحت جموںو کشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل تھی ۔ اسد الدین اویسی نے جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد پہلی مرتبہ مودی حکومت کی طرف سے بعض بھارت نواز سیاست دانوں سے رابطے کے چنددن بعد مودی کی کشمیر پالیسی کو مکمل طورپر ناکام قراردیا ہے ۔ انہوںنے جموںوکشمیر میں حلقہ بندیوں کے معاملے پر بحث و مباحثہ کرانے کے مودی حکومت کے فیصلے پر بھی سوال اٹھایا ۔ انہوںنے کہاکہ نئی دلی میںمودی کی بھارت نواز سیاست دانوں سے حالیہ ملاقات میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے بات کی گئی تھی۔ انہوںنے سوال کیا کہ یہ حلقہ بندیاں کس طرح کی جائیں گی ، کیا حلقہ بندیوںکا معاملہ علاقے کی آبادی یا جغرافیہ کی بنیاد پر طے کیاجائے گا ۔ اسدالدین اویسی نے کہاکہ مودی حکومت کی کشمیر پالیسی مکمل طورپر ناکام ہو چکی ہے ۔