مظفر آباد :پاسبان حریت کے زیر اہتمام بھارت مخالف ریلی

مظفر آباد25جون( ) پاسبان حریت جموں و کشمیر نے نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموںوکشمیر میںجاری مذموم منصوبوں کے خلاف مظفرا ٓباد میں ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا۔  مظفر آباد کے بنک روڑ پر ” بھارت جموں وکشمیر چھوڑ دو“ کے عنوان سے نکالی جانے والی ریلی میں لوگوںکی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی مظالم اور ریشہ دوانیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ انہوںنے نریندر مودی کی فسطائی حکومت کے خلاف اور مقبوضہ جموںوکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے ریلی کے شرکا ءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کی صدارت میں نئی دلی میں ہونے والی کل جماعتی کانفرنس دراصل بھارتی فوجیوںکی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری جنگی جرائم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش تھی۔ انہوںنے کہا کہ بھارت ایک بد عہد ملک ہے جو کشمیریوں سے کئے گئے اپنے تمام وعدوں اور معاہدوں سے منحرف ہو چکا اور تاریخی حیثیت کی حامل ریاست کو دولخت کیا اور اسکا ریاستی درجہ بھی چھین لیا۔ عزیر احمدغزالی نے کہا کہ کشمیری بھارت کے زیر انتظام کسی بھی طرح کے انتخابات پہلے ہی مسترد کرچکے ہیں کیونکہ وہ انتخابات نہیں بلکہ اپنا پیدائشی حق، حق خود ارادیت چاہتے ہیں۔ پاسبان حریت کے وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم، ڈاکٹر منظور ، جاوید احمد مغل اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی دلی میں منعقد ہونے والی کانفرنسوں سے کشمیری عوام کو کوئی راحت نہیں مل سکتی کیونکہ مودی گینگ کھبی بھی کشمیری عوام کے حق میں اقدامات نہیں کرے گا۔ انہو ں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی چیرہ دستیوں کا نوٹس لے اور کشمیریوںکو اپنی پاس کردہ قرار دادوں کے مطابق انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دلائے۔