اقوام متحدہ کو کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم اور جارحیت کا سخت نوٹس لینا چاہیے ۔ فریڈم پارٹی کشمیریوں کی جدوجہد کو کمزو ر کرنے کیلئے ظلم و تشدد کی کارروائیوں میں اضا فہ ایک جنگی ہتھکنڈہ ہے

سری نگر( ) جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے کہا ہے کہ  عالمی برادری خصوصا اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کونسل کو کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم اور جارحیت کا سخت نوٹس لینا چاہیے ۔ مقبوضہ کشمیر  میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے نہتے کشمیریوں بالخصوص نوجوانوںکے قتل ، جبری گرفتاریوں اور ان پر ظلم و تشدد کی شدید مذمت کی ہے ۔  ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں جموںوکشمیر کے مختلف علاقوں میں نہتے کشمیریوں کے خلاف جاری طاقت کے وحشیانہ استعمال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فوجیوںنے تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کے ذریعے مقبوضہ علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول قائم کر رکھا ہے ۔انہوںنے فورسز اہلکاروںکی طرف سے نوجوانوں کے قتل کی کارروائیوں کو کشمیریوںمیں خوف و ہراس پھیلانے کا دانستہ اقدام قراردیتے ہوئے افسوس ظاہر کیاکہ مقبوضہ علاقے میں نافذ کالے قوانین کے تحت بھارتی فوجیوںکو کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔ترجمان نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد کو کمزو ر کرنے کیلئے ظلم و تشدد کی کارروائیوں میں اضافے کو ایک جنگی ہتھکنڈہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری خصوصا اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کونسل کو کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم اور جارحیت کا سخت نوٹس لینا چاہیے ۔ انہوں نے کشمیری شہدا کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔