سرینگر : متحدہ مجلس عمل نے کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کردی

سری نگر 18 جون ( ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم دینی جماعتوں کے اتحاد ” متحدہ مجلس عمل “ (ایم ایم یو )نے کورونا ویکسین لگوانے میں لوگوں کی ہچکچاہٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ، اپنے اہلخانہ اور پورے معاشرے کو مہلک وبا سے بچانے کیلئے حفاظتی ویکسین ضرور لگوائیں ۔ ایم ایم یو کے فیصلے کے مطابق آج آئمہ اور خطباءمساجد ، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں نماز جمعہ کے موقع پر لوگوں کو ویکسی نیشن کی اہمیت و افادیت سے آگاہ کریں گے۔وہ لوگوں کو یہ باور کرائیں گے کہ ویکسین لگوانا نہ تو اسلامی تعلیمات کے منافی ہے اور نہ ہی کوئی شرعی حکم مسلمانوں کو کسی بیماری کے خلاف ویکسین لینے سے روکتا ہے۔ ایم ایم یو کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام انسان کی صحت اور حفاظت سے متعلق معاملات میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے ۔ایم ایم یو نے پوسٹروں اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھی ایک مہم شروع کی ہے تاکہ عوام کو اس معاملے کی سنگینی کا احساس ہو اور وہ اس سلسلے میں کسی قسم کی لاپرواہی کا مظاہرہ نہ کریں۔