جموں کشمیر کے عوام اس وقت گوناگوں مشکلات سے دوچار ہیں عمر عبداللہ کشمیری نوجوان نسل میںانتہائی مایوسی ہے نوجوان بددلی کے بھنور میں ہیں

سری نگر( ) مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے عوام اس وقت گوناگوں مشکلات سے دوچار ہیں  کشمیری نوجوان نسل میںانتہائی مایوسی  ہے نوجوان بددلی کے بھنور میں ہیں ۔۔ ضلع بارہ مولہ کے سات پنچایت حلقوں کے انچارجوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے انہوں نے کہاکہ مسلسل بے چینی اور غیر یقینیت نے نوجوانوں کو پشت بہ دیوار کردیاہے ، سرکاری ملازمت کے بھرتی عمل پر مسلسل بریک لگائے جانے سے ہزاروں کی تعداد میں یہاں کے نوجوان عمر کی حد کو پار کرگئے ہیں جس کی وجہ سے نئی نسل کو اپنا مستقبل مخدوش نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں خودکشی کا بڑھتا ہوا رجحان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ نوجوان نسل کس قدر مایوسی کی شکار ہوگئی ہے۔ یہ ایک تشویشناک رجحان ہے اور اس کا سدباب کرانے کیلئے تمام سطحوں پر ٹھوس اور کارگر اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس نے پہلے سے ہی مشکلات سے دوچار جموں وکشمیر کے عوام پر زبردست منفی اثرات مرتب کئے ہیں ، یہاں کے بیشتر طبقوں کی اقتصادی حالت انتہائی خستہ ہوگئی ہے اور ایسے میں ایک جامع منصوبے کی اشد ضرورت ہے جو زمینی سطح پر حقیقی معنوں میں لوگوں کی راحت کا سبب بنے۔ عمر عبداللہ نے پارٹی لیڈران، عہدیداران اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ اس مشکل دور میںعوام کیساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور لوگوں کے مشکلات کا ازالہ اور ہرحال میں مدد کیلئے پیش پیش رہیں، جو ہماری پارٹی کا اولین منشور رہاہے۔