وزیر اعظم عمران خان تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے انتھک کوششیں کر رہے ہیں، شہر یار آفریدی

اسلام آباد03جون : پاکستان کی پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہر یار خان آفریدی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے انتھک کوششیں کر رہے ہیں اور انہوں نے دوٹوک الطاظ میں کہا ہے کہ کشمیریوں کے خون کی قیمت پر بھارت کے ساتھ تعلقات قائم نہیں کیے جاسکتے۔  شہر یار خان آفریدی نے اس بات کا اظہار اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزادجموںوکشمیر شاخ کے رہنمائوں کے ساتھ ایک نشست کے دوران کیا۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری ایک اہم مقصد کی خاطر قربانیاں دے رہے ہیں او ر کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی اس وقت پوری دنیا میں مذمت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریو ںکی قربانیوں کی وجہ سے اس وقت مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر مرکزی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ شہر یار خان آفریدی نے مزید کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی تک بھارت کے ساتھ مذاکرات خاج از امکان ہیں۔
حریت آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنمائوں نے اس موقع اپنی گفتگو میں وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموںوکشمیر کو ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کرکے کشمیریوں پر ظلم و ستم کا بازار گرم کررکھا ہے۔ انہوںکہا کہ بھارتی فوج کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے اور قابض بھارتی اہلکاروں نے کورونا وبا کی آڑ میں نہتے لوگوں پر اپنی چیرہ دستیاں تیز کر دی ہیں۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ مودی کی فسطائی حکومت مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی مذموم کوششیں کر رہی ہے اور اس نے پورے خطے کا امن دائو پر لگا دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری ایک عظیم مقصد کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں اور بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے انکے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا ۔ نشست کے اختتام پر شہدائے کشمیرکے درجات کی بلندی او پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے دعا کی گئی۔