رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

پشاور: پاکستان میں ماہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج پشاور میں ہوگا، اجلاس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج شام پشاور میں ہو رہا ہے۔چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے دوسرے ارکان، علماء اور متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

ملک میں ایک ہی دن روزہ رکھنے کیلئے غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو بھی اعتماد میں لے لیا گیا ہے۔

غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مسجد قاسم علی خان میں طلب کیا گیا ہے، جس کی صدارت مفتی شہاب الدین پوپلزئی کرینگے،کمیٹی کو موصول ہونیوالی شہادتوں کے حوالے سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔

محکمہ موسمیات و فلکیات کے مطابق آج پاکستان میں چاند دکھائی دینے کا امکان ہے اور یکم رمضان کل 14 اپریل بروز بدھ کو متوقع ہے تاہم حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان المبارک کا چاند پیر کی صبح 7 بجکر 32 منٹ پر پیدا ہوچکا ہے، آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 35 گھنٹے سے زائد ہوگی۔

دوسری جانب سعودی عرب میں پیر کے روز رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا تھا، عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں آج پہلا روزہ ہے۔