پاکستان اور روس کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات

اسلام آباد : پاکستان اور روس کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے ، جس میں بین الحکومتی کمیشن کے اگلے اجلاس کے جلد انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ پہنچے ، جہاں شاہ محمود قریشی نے معزز مہمان کا استقبال کیا، روسی وزیر خارجہ نے دفترخارجہ میں پودا بھی لگایا۔

جس کے بعد پاکستان اورروس کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے ، پاکستانی وفد کی قیادت وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور روسی وفد کی قیادت روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے کی۔

مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات اورخطے کی صورتحال پر بات چیت ہوئی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آپ اور آپ کے وفد کو وزارت خارجہ آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، کورونا کے دوران روس میں ہونیوالے جانی نقصان پر افسوس ہے، قابل تحسین ہے جو انمردی سے روس نے عالمی وبائی چیلنج کا سامنا کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بہت سے ممالک روسی ویکسین سپوٹنک 5 سے مستفید ہو رہے ہیں، عمران خان اور روسی صدرمیں متواتررابطہ تعلقات کےاستحکام کا مظہر ہے۔

مذاکرات میں دونوں رہنماؤں میں بین الحکومتی کمیشن کے اگلے اجلاس کے جلد انعقاد پر اتفاق کیا گیا جبکہ روسی وزیر خارجہ کومقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کہا روس کے اشتراک سے اسٹریم گیس پائپ لائن منصوبے کے آغاز کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان افغانستان سمیت خطے میں امن کیلئے مصالحانہ کرداراداکرتا آرہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے روس کی کاوشوں کوسراہا۔