مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر جنوبی ایشیائی میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ ، عبدالصمد انقلابی

سرینگر : مقبوضہ جموںوکشمیر میں اسلامی تنظیم آزادی جموں وکشمیرکے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں مضمر ہے اور تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کئے بغیر جنوبی ایشیائی میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی بھارت کی سازشوں پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بھارت مقبوضہ علاقے میں اسرائیلی طرز کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت نے نہتے کشمیریوں کے قتل عام کیلئے اپنے فوجیوںکو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور وہ کشمیریوںکی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے تلاشی اور محاصرے کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران نہتے کشمیریوںکا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ عبدالصمد انقلابی نے حالیہ دنوں میں ضلع شوپیاں میںبھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور سوگوار خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی فوجیوں نے شوپیاں سمیت مختلف علاقوں میں نہتے کشمیریوںکی زندگیوں کو جہنم بنادیا ہے۔ عبدالصمد انقلابی نے نہتے کشمیریوںکی گرفتاریوں کی تازہ لہر پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سخت اور فوری نوٹس لیں۔ انہوںنے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ کشمیریوںکو انکا حق خودارادیت دلوانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے ۔