عالم اسلام پرکشمیر اور فلسطین کے دیرینہ تنازعات پر متفقہ موقف کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد کو فروغ د ے،لارڈ نذیر انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا خود جائزہ لینے کیلئے مقبوضہ علاقے تک رسائی حاصل کریں،انٹرویو

اسلام آباد : برطانوی دارالعمرا کے سابق رکن نذیر احمد نے عالم اسلام پرکشمیر اور فلسطین کے دیرینہ تنازعات پر متفقہ موقف اختیار کرنے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔ سرکاری ریڈیو کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ دشمن قوتیںاسلامی ممالک کے درمیان تقسیم کا غلط فائدہ اٹھا رہی ہیں تاکہ وہ بیرونی دبا برداشت نہ کر سکیں۔مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت کے پانچ اگست 2019 کے غیرقانونی اقدام کا مقصد کشمیر کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا تھا ۔انہوں نے کہاکہ اس غیرقانونی اقدام کے بعد سخت ترین لاک ڈائون سے کشمیری عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔لارڈ نذیر احمدنے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پرزوردیا کہ وہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیوں کا خود جائزہ لینے اور اقوام متحدہ اورعالمی برادری کو اس بارے میں آگاہ کرنے کیلئے مقبوضہ علاقے تک رسائی حاصل کریں۔مشکل کی اس گھڑی میں کشمیری عوام کی آواز بننے پر ریڈیوپاکستان کے کردارکو سراہتے ہوئے انہوںنے کہاکہ مقامی اور بین الاقوامی میڈیا کو مودی کے ہندوتوا نظریہ کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے میں اپنا کردارادا کرناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کا سوشل میڈیا دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کو مستند خبروں کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہے۔بعدازاں انہوں نے ریڈیو پاکستان کے سوشل میڈیا سیکشن کا دورہ کیا اور ایڈیٹوریل سٹاف سے بات چیت کی