پاکستان میں ویکسین کی 4 کروڑ سے زائد خوراکیں آرہی ہیں: یاسمین راشد

فیصل آباد: صوبہ پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے ویکسین کی 4 کروڑ 40 لاکھ خوراکیں پاکستان آرہی ہیں، پنجاب میں کرونا ویکسی نیشن کے 114 مراکز قائم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد نے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا، وزیر صحت نے یونیورسٹی کے سینڈیکیٹ اجلاس کی صدارت کی۔

دوران اجلاس صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ 55 سال سے زائد عمر کے افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو سکتے ہیں، کرونا وائرس سے صوبے میں 5 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں، عوام میں ایس او پیز پر عملدر آمد کا شعور بیدار کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 22 نئی لیبز قائم کی ہیں، کووڈ ٹیسٹنگ کی تعداد بھی بڑھا دی ہیں۔ پنجاب میں کرونا ویکسی نیشن کے 114 مراکز قائم ہیں۔ سول اسپتال میں ویکسی نیٹرز کی تعداد بھی بڑھا دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے 4 کروڑ 40 لاکھ ویکسین کی خوراکیں پاکستان آرہی ہیں۔

اپوزیشن کے حوالے سے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن آئے اور ہمارے ساتھ بیٹھ کر الیکشن اصلاحات کرے، اپوزیشن رہنما کے کرونا لاک ڈاؤن پر نامناسب تبصرے پر افسوس ہوا۔