سرینگر : حریت فورم کا میر واعظ کی گھر میں مسلسل نظر بندی پر اظہار تشویش تمام ساسی نظربندوں کی رہائی کا مطالبہ

سرینگر 12مارچ : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں حریت فورم نے کہا ہے کہ قابض بھارتی انتظامیہ نے فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کی گھر میں نظر بندی مزید سخت کر دی ہے اور انکے ذاتی عملے کو بھی گھر کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت فورم کی طرف سے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہا گیا کہ میر واعظ عمر فاروق اگست 2019سے گھر میں نظر بند ہیں اور انتظامیہ نے گزشتہ جمعہ کو انہیں رہا کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو بعد میں واپس لیا گیا۔ حریت فورم نے اپنے بیان میں کہا کہ قابض انتظامیہ نے سرینگر کے ڈاﺅن ٹاﺅن علاقوں میں نوجوانوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاﺅن شروع کر رکھا ہے اور بھارتی پولیس رات کے وقت انکے گھروں پر چھاپے ڈال کر انہیں گرفتار اور ان پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ قابض انتظامیہ کے یہ جابرانہ اقدامات انتہائی افسوسناک ہیں جن سے امن کی ہرگز ضمانت نہیں دی جاسکتی۔ حریت فورم نے کہا کہ بھارت میر واعظ سمیت تمام سیاسی نظر بندوں اور گرفتار نوجوانوں کو رہا اورمسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے تمام فریقوں کے ساتھ ایک بامعنی مذاکراتی عمل شروع کرے۔