نئی دلی: ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیاکا میڈیا کے حوالے سے حکومتی وزرا کی رپورٹ پر اظہار تشویش

نئی دلی10 مارچ : ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا (ای جی آئی) نے بھارت حکومت کے وزرا کے ایک گروپ کی حالیہ رپورٹ پرانتہائی حیرت اور تشویش کا اظہار کیا ہے جس میں حکومت مخالف بیانیے کے خلاف سخت اقدمات اٹھانے پر زور دیا گیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے 2020 میں پانچ کابینہ اور چار وزرائے مملکت پر مشتمل ایک گروپ تشکیل دیا تھا جس کے ذمے میڈیا میں حکومت مخالف بیانیے کو کنٹرول کرنے کیلئے مختلف تجاویز مرتب کر نا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ گروپ نے 2020 کے آخر میں جو رپورٹ تیار کی تھی اور جو حال ہی میں میڈیا میں سامنے آئی ہے وہ پریس کے خلاف حکومت کے بڑھتے ہوئے رویے کی نشاندہی کرتی ہے۔ بیان میں کہا کہ رپوٹ میں ایک وزیر کی ایک انتہائی پریشان کن تجویز یہ ہے کہ جو لوگ حکومت کے خلاف حقائق کے بغیر لکھ رہے ہیں اور غلط بیانیہ مرتب کرتے ہیں ، جعلی خبریں پھیلاتے ہیں انہیں نکال باہر کیا جائے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ رپورٹ انتہائی پریشان کن ہے لہذا حکومت جو اظہار رائے کی آزادی کا دعویٰ کرتی ہے یہ واضح کردے کہ وہ میڈیا میں اظہاررائے کی آزادی کے لئے پرعزم ہیں۔مذکورہ رپورٹ نو وزراءروی شنکر پرساد ، پرکاش جاوڈیکر ، سمرتی ایرانی ، ایس جے شنکر ، مختار عباس نقوی ، ہردیپ سنگھ پوری ، بابول سپریو ، انوراگ ٹھاکر اور کیرن رججی نے تیار کی تھی۔