خان سوپوری کی طرف سے شہید کشمیری نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت

سرینگر 25فروری :  بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں سینئر حریت رہنماءغلام محمد خان سوپوری نے گزشتہ روز بھارتی فوجیوںکے ہاتھوں ضلع اسلام آباد کے علاقے سری گفوارہ میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام محمد خان سوپوری نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوںکا مسلسل قتل عام جاری ہے اور بھارت نے جموںوکشمیر کو ایک میدان جنگ میں تبدیل کردیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جب تک مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی پسِ منظر میں کشمیریوںکی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوںکا قتل عام مسلسل جاری رہے گا ۔انہوںنے واضح کیاکہ طاقت کے استعمال سے قبرستان توآباد کئے جاسکتے ہیں لیکن کبھی بھی امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ضد اورہٹ دھرمی کی وجہ سے جموںوکشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل نہیں ہو سکتی ۔خان سوپور ی نے بھارت پر زوردیا کہ وہ جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن و سلامتی کے قیام کیلئے زمینی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے عملی اقدامات کرے تاکہ خطے میں غیر یقینی صورتحال اور عدمِ استحکام کا خاتمہ ہوسکے ۔
KMS-06/Y