میشا شفیع نے پی ایس ایل 6 کے ترانے کو موسیقی کی فتح قرار دے دیا

پاکستان کی نامور گلوکارہ میشا شفیع نے پی ایس ایل 6 کے ترانے کو موسیقی کی فتح قرار دیا ہے۔

انسٹاگرام پر گانے کی ویڈیو کے پس پردہ مناظر شیئر کرتے ہوئے گلوکارہ نے لکھا کہ گانا صرف ایک موسیقی کی فتح نہیں بلکہ قدیم ادب کی زیادہ تقلید (over classism)، نوآبادیاتی احساس کمتری اور ایسے دھاندلی کے نظام جس میں کچھ لوگوں کی بار بار حمایت کی جائے اس کی فتح ہے۔

اسکرین گریب

گلوکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی انسٹاگرام اسٹوری میں مزید لکھا گیا کہ یہ شرم کی بات ہے کہ ہم  ان کے خلاف تنقید کرکے نصیبو لعل جیسے لیجنڈری ٹیلنٹ کی صلاحیتوں کا انکار کرتے ہیں۔

اس سے قبل بھی گلوکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نصیبو لعل کو ’رانی ‘ قرار دیتے ہوئے پی ایس ایل کے ترانے کو سراہا تھا۔

خیال رہے کہ حال ہی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کا آفیشل ترانا ‘گروو میرا’ ریلیز کیا گیا ہے جس میں گلوکارہ نصیبو لعل، آئمہ بیگ، ریپر طلحہ انجم اور طلحہ یونس نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

پی ایس ایل 6 کا ترانہ سوشل میڈیا صارفین کو خاص پسند نہ آیا اور سوشل میڈیا پر نصیبو لعل کے خلاف میمز اور تنقید کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔