بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل محمد مقبول بٹ کے یوم شہادت پر مکمل ہڑتال کی جائے گا

سرینگر10 فروری :غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ممتاز کشمیری رہنما محمد مقبول بٹ کے 37 ویں یوم شہادت پر کل مکمل ہڑتال کی جائے گا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس ، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ اور دیگر آزادی پسند تنظیموں نے دی ہے۔بھارت نے محمد مقبول بٹ کو11 فروری1984کو تحریک آزادی کشمیر میں نمایاں کردار اداکرنے پر نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دے کر جیل کے احاطے میں ہی سپرد خاک کردیا تھا۔ مقبوضہ علاقے کے عوام کے مسلسل مطالبے کے باوجود بھارتی حکام نے شہید رہنما کے جسد خاکی کو مناسب تدفین کے لئے ان کے اہلخانہ کے حوالے نہیں کیا ۔کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت رہنماﺅں اور تنظیموں نے محمد مقبول بٹ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ شہداءبھارتی تسلط سے آزادی کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کا اصل اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ان کا مشن ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔