مودی حکومت نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں2G انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی

سرینگر26جنوری : غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیںقابض انتظامیہ نے آج بھارتی یوم جمہوریہ کی سرکاری تقریبات کے پیش نظر وادی کشمیر میں 2 جی موبائل انٹرنیٹ سروسز بھی معطل کردی ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے بھارت مخالف مظاہروں کو روکنے کیلئے سرینگر میں لال چوک اور اس کے نواحی علاقوں میں تلاشی کی کارروائی کی ۔بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کئے ہیں جبکہ کشمیر اسٹیڈیم سرینگر جہاں بھارتی یوم جمہوریہ کی سرکاری تقریب منعقد ہو گی اور اسکے نواحی علاقوںکی طرف جانے والی سڑکوں پر ڈرون کیمروںکے ذریعے نظر رکھی جارہی ہے تاکہ بھارت مخالف مظاہروںکو روکاجاسکے ۔ سونہ وار ہر قسم کی نقل و حرکت کیلئے بند ہے اور لوگوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی جارہی ہے ۔ قابض انتظامیہ کی طرف سے خصوصی شناختی کارڈ جاری کئے گئے ہیں۔ شہر بھر میں مختلف مقامات پر چوکیاں قائم کی گئی ہیں جہاں گاڑیوں اور مسافروںکی جامہ تلاشی لی جارہی ہے ۔کشمیر پولیس کے ایک اعلی افسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ کئی حصار پر مشتمل سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں اور مختلف علاقوں کی مسلسل نگرانی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی پسند کارکنوں کی موجودگی کے بارے میں جب بھی کوئی اطلاع ملتی ہے تو بھارتی فورسز علاقے میں گھر گھر تلاشی کی مہم شروع کر دیتی ہیں۔