کشمیری اپنی تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہچانے کیلئے پرعزم

اسلام آباد22جنوری : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ ، حق خود اردیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود اپنی تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ کشمیری اپنے مادر وطن پر بھارتی کے غیر قانونی قبضے کے خلاف گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے مزاحمت کر رہے ہیں ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت نے جموں وکشمیرپر اپنے غیرقانونی قبضے کو برقرار رکھنے کیلئے 1947سے چار لاکھ سے زائد کشمیری شہید کیے ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فوجیوں نے تحریک آزادی کو دبانے کیلئے 1989سے اب تک 95ہزار 7سو 23کشمیری شہیدکیے جن میں سے 7ہزار1سو 55زیر حراست اور جعلی مقابلوں میں شہید کیے گئے جبکہ فوجیوں نے اس عرصے کے دوران آٹھ ہزار سے زائد کشمیریوں کو دوران حراست لاپتہ کیا ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ1989سے اب تک 1لاکھ10ہزار3سو83مکانات تباہ کیے گئے جبکہ 11ہزار 2سو 26خواتین کی آبروریزی کی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ نریندر مودی کی فسطائی حکومت کی طرف سے 5اگست2019کو مقبوضہ علاقے کا فوجی محاصر ہ کیے جانے کے بعد سے اب تک بھارتی فوجیوں نے 305کشمیری شہید کیے ۔ کے ایم رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فورسز اہلکاروں کی طرف سے جولائی 2016سے پیلٹ بندوقوں کے استعمال کے سبب 10ہزار 8سو 40سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 140اپنی دونوں آنکھوں اور 210ایک آنکھ کی بصارت سے محروم ہو چکے ہیں جبکہ 2ہزار 500افراد کی بینائی جزوی طور پر متاثر ہوئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بدترین بھارتی مظالم کشمیریوں کا جذبہ آزادی دبانے میں ناکام ہوچکے ہیں اور وہ اپنی تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہچانے کیلئے پر عزم ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ کشمیری عوام خاص طورپر نوجوان بھارتی محکومیت سے آزادی کے عظیم نصب العین کیلئے اپناگرم گرم لہو نچھاور کررہے ہیں اور مودی حکومت طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیریوں کی آواز دبانے میں کبھی کامیاب نہیںہو گی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ کشمیری قیمتی جانوں ، اپنی عزت اور املاک کے نقصان کا سامنا کرنے کے باوجود اپنی تحریک آزادی آگے بڑھا رہے ہیں اور جبر و استبداد کی بھارتی پالیسی سے آزادی کے حصول کے انکے عزم کو مزید تقویت حاصل ہو گی۔ رپوٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر کے لوگوں کی ہمت سے ثابت ہو گیا ہے کہ وہ بھارت کے سفاکانہ حربوں کے آگے ہرگز نہیںجھکیں گے۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ عالمی قانون کشمیریوں کو بھارتی غلامی سے آزادی کیلئے جدوجہد کا حق دیتا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فوجیوں کے مظالم کے آگے کشمیریوں کا جذبہ آزادی توانا و مضبوط ہے اور بھارت کو انکے عزم وہمت کے آگے ایک روز جھکنا پڑے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی ضمیر کیلئے ایک بڑا چیلنج ہیں اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی ریاستی دہشت گردی سے چھٹکارا دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔