کوسوو پاکستان کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بہتر فروغ دینا چاہتا ہے۔ الیر ڈوگولی پاکستان اپنی متعدد مصنوعات کوسوو کو برآمد کرسکتا ہے۔ سردار یاسر الیاس خان

اسلام آباد (   ) کوسوو پاکستان کے ساتھ اپنے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بہتر فروغ دینا چاہتا تھا کیونکہ دونوں ممالک بہت سے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار پاکستان کیلئے جمہوریہ کوسوو کے غیر رہائشی نامزد سفیر الیر ڈوگولی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان میں کوسوو کے اعزازی قونصل زاہد انجم بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔

الیر ڈوگولی نے کہا کہ مثبت پیش رفت کیلئے کوسوو ابتدائی طور پر پاکستان کے ساتھ مخصوص شعبوں میں تجارتی و اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے اور بعد میں ان تعلقات کو مزید شعبوں تک وسعت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوسوو نے بہت سے ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدے کر رکھے ہیں لہذا کوسوو کے ساتھ تجارتی تعاون فروغ دے کر پاکستان اپنی برآمدات کیلئے امریکہ، کینیڈا، یورپی یونین، برطانیہ سمیت دیگر ممالک کی مارکیٹوں میں ڈیوٹی فری رسائی حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوسوو اپنے بند صنعتی یونٹوں کو دوبارہ بحال کرنا چاہتا ہے لہذا پاکستانی سرمایہ کاروں کیلئے یہ ایک اچھا موقع ہے کہ وہ کوسوو کے بند صنعتی یونٹس کو حاصل کر کے اور ان کو بحال کر کے یورپ کے بہت سے ممالک کی طرف اپنی برآمدات کو فروغ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوسوو پاکستان کے ساتھ سرمایہ کاری کے تحفظ کا معاہدہ کرنا چاہتا ہے جس سے دونوں ممالک کے سرمایہ کار زیادہ اعتماد کے ساتھ ایک دوسرے کے ملک میں سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز قائم کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوسوو اور پاکستان کے مابین دوطرفہ تجارتی اور معاشی تعلقات کو مضبوط کرنے کے لئے نجی شعبوں کے مابین باقاعدہ ملاقاتوں کا سلسلہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ کوسوو پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے لئے ابھی تک ایک غیر معروف مارکیٹ ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک باقاعدگی کے ساتھ تجارتی وفود کے باضابطہ تبادلہ کرنے اور بی ٹو بی میٹنگز کا انعقاد کرنے میں تعاون کریں جس سے باہمی تجارت میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب ترقی کے راستے پر گامزن ہے اور پاکستان کوسوو کو ٹیکسٹائل، فارماسوٹیکلز، سرجیکل آلات، آئی ٹی مصنوعات اور سروسز، کھیلوں کا سامان، چمڑے کی مصنوعات، پھل اور سبزیاں سمیت متعدد مصنوعات برآمد کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوسوو زیادہ تر یورپ سے درآمدات کرتا ہے جبکہ وہ پاکستان سے سستے داموں اعلیٰ معیار کی مصنوعات حاصل کر سکتا ہے لہذا کوسوو پاکستان سے اپنی درآمدات بڑھانے پر توجہ دے۔

سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ آئی سی سی آئی کوسوو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ ایک آن لائن میٹنگ کیلئے تیار ہے جس میں پاکستان کے دیگر بڑے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے تا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے مابین براہ راست تعلقات اور کاروباری روابط کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی پاکستان میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع کی تلاش کے لئے کوسو و کے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت فراہم کرنے کے لئے بھی تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی آئی پاکستان میں کوسوو کی ثقافت کو متعارف کرانے اور دونوں ممالک کے مابین ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے کوسوو کی ایک ثقافتی نمائش کا اہتمام کرنے کیلئے بھی تیار ہے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبد الرحمن خان، محمد اویس خٹک، عمر حسین، محمد جاوید اقبال، عتیق الرحمن اور دیگر نے بھی پاکستان اور کوسوو کے مابین تجارتی اور معاشی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں۔