بے گھر افراد کے لیے کرونا کی ویکسین کی فراہمی، پاکستانی ڈاکٹر نے سب کے دل جیت لیے

مانچسٹر: برطانیہ میں مقیم پاکستانی نژاد ڈاکٹر نے بے گھر افراد کو کرونا سے بچانے کے لیے زبردست قدم اٹھا لیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں بے گھر افراد کے لیے خدمات کے اعتراف میں ملکہ برطانیہ سے اعزاز حاصل کرنے والے پاکستانی نژاد ڈاکٹر نے ایک اور زبردست کارنامہ انجام دیتے ہوئے بے گھر افراد کو کرونا ویکسین لگانے کا عمل شروع کروا دیا۔

دنیا بھر میں بے گھر افراد کو ویکسین لگانے کا یہ پہلا پروگرام ہے جس کی وجہ سے پاکستانی نژاد ڈاکٹر زاہد چوہان او بی ای کے اقدام کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے

ڈاکٹر زاہد چوہان او بی ای کے اقدام کے بعد دارالامان میں مقیم بے گھر افراد کو ویکسین لگانے کا عمل شروع کردیا گیا، اب تک تیس سے زائد بے گھر افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔

ڈاکٹر زاہد چوہان کا کہنا ہے کہ ’بے گھر افراد کو کرونا وائرس سے زیادہ خطرہ ہے، جن بے آسرا اور بے یارومددگار لوگوں کے لیے کسی نے آواز نہیں اُٹھائی  میں نے اُن کا سہارا بننے کا فیصلہ کیا ہے‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’ اگر ایک بھی بے گھر شخص کی جان میری وجہ سے بچ گئی تو سمجھوں گا کہ میری زندگی کا مقصد پورا ہو گیا‘۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر زاہد چوہان کو گزشتہ برس اُن کی خدمات کے اعتراف میں ملکہ برطانیہ نے اعلیٰ سول ایوارڈ آرڈر آف دی برٹش ایمپائر اعزاز سے نوازا تھا۔