مقبوضہ کشمیر جموں وکشمیر ہائی کورٹ نے حبس بے جا کی 6 سودرخواستوں پرفیصلہ نہیں کیا پی ایس اے کے تحت کسی بھی شہری کو گھر یا باہر سے محض شک کی بنیاد پر گرفتار کیا جاسکتا ہے

سری نگر: مقبوضہ جموں وکشمیر ہائی کورٹ نے گزشتہ 18 ماہ کے دوران حبس بے جا کی 6 سودرخواستوں پر ایک فیصد بھی فیصلہ نہیں کیا۔ 5 اگست 2019 کو جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ یا پی ایس اے کے تحت سینکڑوں افراد قید کیے گئے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے مطابق ، 6 اگست 2019 سے جون 2020 کے درمیان چھ سو سے زیادہ حبس بے جا کی درخواستیں جموں وکشمیر ہائی کورٹ میں  دائر کی گئیں لیکن عدالت نے "ایسے معاملات میں ایک فیصد بھی فیصلہ نہیں کیا جبکہ ، بہت کم وکیل ایسے معاملات لڑنے کے لئے تیار ہیں۔پبلک سیفٹی ایکٹ یا پی ایس اے کا قانون 42 سال قبل اس وقت کی حکومت نے جنگل سے عمارتی لکڑی چرانے والوں کے خلاف بنایا تھا لیکن اسے  اب جموں وکشمیر میں سیاسی مخالفین کو قید کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔اس قانون کے تحت کوئی بھی پولیس اہلکار کسی بھی شہری کو گھر یا باہر سے محض شک کی بنیاد پر گرفتار کر سکتا ہے اور گرفتار کیے گئے شہری کے اہل خانہ کو اطلاع نہیں دی جاتی نہ ہی اسے قانونی امداد حاصل کرنے کی اجازت ہوتی ہے۔پی ایس اے کے تحت بغیر عدالتی سماعت کے کم سے کم دو سال تک کسی کو بھی بلا لحاظ عمر قید کیا جا سکتا ہے۔ متعدد کمسن بچوں کو بھی اب تک اس قانون کے تحت قید کیا جا چکا ہے۔