بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے بھی باہر

کرائسٹ چرچ:قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے بھی باہرہو گئے،وہ دورہ نیوزی لینڈ میں ایک بھی میچ نہ کھیل سکے۔

ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے مطابق بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے بھی باہر ہوگئے ہیں ، دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی محمد رضوان قومی ٹیم کی قیادت کریں گے،بابراعظم انجری کے باعث دورہ نیوزی لینڈ میں ایک بھی میچ نہ کھیل سکے۔
کپتان قومی ٹیسٹ ٹیم محمد رضوان کا کہنا تھا کہ بابراعظم ایک بہادر کھلاڑی ہیں،انہوں نے پہلے بھی بہت قربانیاں دی ہیں،بابراعظم کا ماننا ہے کہ ابھی انہیں مکمل فٹنس کے لیے وقت درکار ہے،وہ سو فیصد فٹ ہوئے بغیر ملک کی نمائندگی کا نہیں سوچ سکتے،بابراعظم جیسے کھلاڑی کے ٹیم میں نہ ہونے سے فرق پڑتا ہے،نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اس موقع سے فائدہ اٹھانے کا وقت ہے،بابر اعظم جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں واپس آئیں گے تو اچھا کمبی نیشن بنے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم میں تبدیلیوں کا سوچا ہوا ہے ابھی مل بیٹھ کر فیصلہ کریں گے، ٹور کا آخری میچ ہمیشہ بہت اہم ہوتا ہے،ابتدائی دونوں ٹی ٹونٹی میچز ہارنے کے بعد ہم نے آخری میچ میں کامیابی حاصل کی،آخری ٹی ٹونٹی میچ جیتنے سے جو مومنٹم پکڑا اس کا ٹیسٹ میچ میں فائدہ ہوا،سیریز ابھی ہمارے ہاتھ سے نہیں نکلی، تمام کھلاڑی پر اعتماد ہیں،ہمارے پاس ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کا موقع ہے۔
خیال رہے کہ پریکٹس سیشن میں بابراعظم کا دائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہوا تھا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کل سے شروع ہورہا ہے،دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔